درس نمبر 14بابت رمضان المبارک 2025ء رمضان المبارک کے مسائل
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :
’’ اصل بات یہ ہے کہ قرآنِ شریف کی رخصتوں پر عمل کرنا بھی تقویٰ ہے۔ خداتعالیٰ نے مسافر اور بیمار کو دوسرے وقت(روزے) رکھنے کی اجازت اور رخصت دی ہے اِس لئے اِس حکم پر بھی تو عمل رکھنا چاہئے۔ مَیں نے پڑھا ہے کہ اکثر اکابر اس طرف گئے ہیں کہ اگر کوئی حالت سفر یا بیماری میں روزہ رکھتا ہے تو یہ معصیت ہے۔ کیونکہ غرض تو اللہ تعالیٰ کی رضا ہے، نہ اپنی مرضی اور اللہ تعالیٰ کی رضا فرمانبرداری میں ہے۔ جو حکم وہ دے اس کی اطاعت کی جاوے اور اپنی طرف سے اس پر حاشیہ نہ چڑھایا جاوے۔اُس نے تو یہی حکم دیا ہے کہ فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ مَرِیْضًا اَوْ عَلٰی سَفَرٍ فَعِدَّۃٌ مِّنْ اَیَّامٍ اُخَرَ(سورۃ البقرہ :185)۔ اس میں کوئی قیداور نہیں لگائی کہ ایسا سفرہو یا ایسی بیماری ہو‘‘۔ فرمایا کہ:’’مَیں سفر کی حالت میں روزہ نہیں رکھتا اور ایسا ہی بیماری کی حالت میں۔ چنانچہ آج بھی میری طبیعت اچھی نہیں اور مَیں نے روزہ نہیں رکھا۔‘‘
(ملفوظات جلد پنجم صفحہ 68-67۔ الحکم 31جنوری 1907ء)